بنگلورو،12؍فروری(ایس او نیوز) بنگلوروشہر کے ڈی جے ہلی اور کے جی ہلی علاقے میں 11/اگست 2020کو پیش آنے والے پرتشدد واقعات کے دوران جن مالک کو نقصان پہنچایا گیا اس کا جائزہ لینے اورنقصان کا اندازہ لگانے کے لئے حکومت کی طرف سے ہائی کورٹ کے جج جسٹس کیمپنا کی قیادت میں جو کلیمس کمیشن قائم کیا گیا ہے، اس کمیشن سے مقامی لوگوں کورجوع کر نے اوراپنی املاک اور گاڑیوں کے بارے میں جو بھی معلومات ہوں فراہم کرنے میں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ یہ اعلان پلیکیشی نگرکے رکن اسمبلی اکھنڈا سرینواس مورتی نے کیا۔
انہوں نے ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش مسلسل یہ ہے کہ اس تشدد کے دوران ان کے حلقہ کے لوگوں کو جو نقصان پہنچا ہے ان کی مدد کے لئے حکومت کی طرف سے مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اکثریہ کہا جاتا ہے کہ حکومت کی طرف سے کلیمس دائر کرنے کے لئے جو کمیشن بنایا گیا ہے اس تک رسائی نہیں ہو پا رہی ہے،اس لئے ان کے دفتر میں اس ضمن میں رہنمائی کے لئے انتظام کیا جائے گا۔
اس تشدد کے سلسلہ میں گرفتار بے قصور نوجوانوں کی رہائی کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سرینواس مورتی نے بتایا کہ جہاں تک بے قصوروں کی رہائی کا سوال ہے ان کی طرف سے اس معاملہ میں بھر پور تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے قصوروں کی رہائی کے بارے میں انہوں نے وزیر داخلہ بسوراج بومئی سے با ت کی، اس کے علاوہ سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا، سابق وزیر ضمیر احمد خان اور دیگرقائدین اور وکلاء کی طرف سے کوشش جاری ہے۔
حلقہ کی ترقی کے بارے میں سرینواس مورتی نے کہا کہ انہوں نے بنگلورو میٹرو ریل کارپوریشن سے گزارش کی ہے کہ جن جن مقامات پر میٹرو اسٹیشنوں کے لئے زمین اکوائر کی گئی ہے ان مقامات پر سڑک کو تقریباً 200فیٹ تک کشادہ کردی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ بی بی ایم پی بجٹ میں انہوں نے شامپور روڈ، گووند پور،ویرنا پالیہ اورکے جی ہلی ریلوے کراسنگ کی جگہ پر انڈر برڈج کی تعمیر کا کام شروع کرنے کیلئے فنڈس مہیا کروائے جائیں۔
اس کے علاوہ شہر کے فریزر ٹاؤن میں اشوکہ اپارٹمنٹس کے سامنے نالے سے متصل انڈر برڈج کومستقل سڑک بنانے کے لئے فنڈس کی مانگ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جے ہلی سرکاری اردو اسکول کے احاطہ میں 1.75کروڑ روپیوں کی لاگت سے پی یو کالج کی عمارت تیار کی جا چکی ہے۔ بہت جلد اس کالج کو داخلوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ تشددکے دوران آگ لگنے کی وجہ سے جن لوگوں کی املاک او ر گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے ان کی طرف سے کلیمس کمشنر کے سامنے عرضی داخل کرنے کے لئے ان کے دفتر میں ان کے پی اے پرکاش سے فون نمبر9886223951پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔